مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ دبئی پولیس نے فلسطینی حماس کے رہنما محمود المبحوح کےقتل کیس میں ملوث مزید 15غیر ملکیوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ المبحوح کی شہادت میں 26 افراد ملوث تھے۔ دبئی حکومت اس سے پہلے گیارہ ملزموں کے نام جاری کرچکی ہے۔
المبحوح قتل کیس میں برطانیہ ، جرمن اور ایئر لینڈ اور اسٹریلوی حکومتوں کے سفارتی پاسپورٹ استعمال کئے گئے تھے۔دبئی پولیس کے مطابق ملزمان کے پاسپورٹس مکمل طور پر صحیح تھے۔ آسٹریلیا نے اپنے 3 باشندوں کے پاسپورٹ غلط استعمال کرنے پر اسرائیل سے وضاحت طلب کرلی ۔ برطانیہ نے تسلیم کرلیا ہے کہ واردات میں اس کے 6 باشندوں کے پاسپورٹ استعمال ہوئے۔ ادھر ملزمان کی جانب سے تین آسٹریلوی پاسپورٹ استعمال کرنے پر اسرائیل اور آسٹریلیا کے درمیان سفارتی تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ اسٹیفن اسمتھ نے کینبرا میں تعینات اسرائیلی سفیر یووال روتم کو طلب کرکے اس سلسلے میں تحقیقات میں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ اسٹیفن اسمتھ کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں یہ ثابت ہوا کہ آسٹریلوی باشندوں کے پاسپورٹ محمود المبوح کے مبینہ قاتلوں نے غلط استعمال کیے تو اسے غیر دوستانہ اقدام تصور کریں گے۔ دوسری طرف برطانوی دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ دبئی حکام کی جانب سے جاری کردہ اضافی فہرست میں چھ ملزمان نے برطانوی پاسپورٹ استعمال کیے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ المبحوح قتل میں اسرائیل کے ساتھ بعض یورپی ممالک کا مکمل تعاون نظر آتا ہے جسے یورپی ممالک چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ